ٹک ٹاکر رجب بٹ کو شیر کا بچہ رکھنے پر کمیونٹی سروس کی سزا

ٹک ٹاکر رجب بٹ کو شیر کا بچہ رکھنے پر کمیونٹی سروس کی سزا

لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ٹک ٹاکر رجب بٹ کو شیر کا بچہ غیر قانونی طور پر رکھنے کے الزام میں کمیونٹی سروس کی سزا سنا دی ہے۔

 رجب بٹ نے خود اعتراف کیا کہ اس کے پاس غیر قانونی طور پر شیر کا بچہ موجود تھا، جس پر وائلڈ لائف افسر نے اس کے خلاف کلندرا جمع کروایا تھا۔عدالت کے فیصلے کے مطابق، رجب بٹ ایک سال تک پرو بیشن افسر کے ماتحت کمیونٹی سروس فراہم کریں گے، اور اس دوران وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جانوروں کے حقوق پر وی لاگ شیئر کریں گے۔ ان وی لاگ میں جانوروں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق آگاہی دی جائے گی، اور ان وی لاگ کو ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں پرو بیشن افسر کی اجازت کے بعد اپ لوڈ کیا جائے گا۔عدالت نے محکمہ وائلڈ لائف کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجب بٹ کو جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے مواد فراہم کرے، اور اگر پرو بیشن افسر رجب بٹ کو ذاتی طور پر طلب کریں تو وہ حاضری دینے کے پابند ہوں گے۔

عدالت نے اس فیصلے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔رجب بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس عمل پر پشیمان ہیں اور اب انہیں سمجھ آ چکا ہے کہ جنگلی جانوروں کو تحفے کے طور پر رکھنا غیر مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے جنگلی جانوروں کے حقوق کے بارے میں مثبت پیغام دینے کی کوشش کریں گے۔