اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی کے نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواستوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی اور عدالت نے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔
جسٹس اعظم خان نے دونوں درخواستوں پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکلاء بیرسٹر راجہ قدیر جنجوعہ اوراحد کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت سرکار کی جانب سے جواب جمع نہ کرایا جا سکا اور مہلت کی استدعا کی گئی۔ وکیل بیرسٹر راجہ قدیر جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ سفری پابندی کی وجہ سے ویزے ختم ہو رہے ہیں، جس پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ ویزے کب ختم ہو رہے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ایک کا ویزا مارچ میں ہی ختم ہو جائے گا جبکہ دوسرے کا بعد میں۔سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ عید کے بعد جواب جمع کرایا جائے، جس پر جسٹس محمد اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ ویزے ختم ہونے کا مسئلہ ہے، لہذا سماعت عید کے فوری بعد ہوگی اور عدالت نے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔