ایئر ہوسٹس نشاط، صدف ناصر، فلائٹ سٹیورڈ عمران ، خالد اور فیصل پرویز سے درجنوں موبائل فون برآمد
کراچی(آئی این پی )قومی ایئر لائن کی 2 ایئر ہوسٹس سمیت 5 فضائی میزبان سمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، عملے کے قبضے سے درجنوں موبائل فون برآمد ہوئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی دبئی سے ملتان جانے والی پرواز کے عملے سے 78بیش قیمت موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔مذکورہ 78 موبائل فون مجموعی طور پر عملے کے 5 ارکان سے برآمد ہوئے، سمگلنگ میں ایئر ہوسٹس نشاط، صدف ناصر، فلائٹ سٹیورڈ عمران اور خالد کے علاوہ پی آئی اے کا سینئر پرسن فیصل پرویز بھی شامل ہے۔اطلاعات کے مطابق کسٹمز حکام نے خفیہ پیشگی اطلاع پر دو ایئر ہوسٹسز سے24موبائل فونز برآمد کیے ان سے تفتیش کے بعد ایئرہوسٹس کی نشاندہی پر 3مرد میزبانوں کو ہوٹل سے واپس بلایا گیا اور مزید 54فونز برآمد کیے گئے۔کسٹمز ذرائع کے مطابق موبائل فونز کی سمگلنگ میں ملوث پی آئی اے کے پانچوں فضائی میزبانوں کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کی جارہی ہے۔