ایئرلائن کی نجکاری ، ملازمین کا بیرون ملک فلائٹس پر سلپ ہونیکا سلسلہ جاری
اگر یہ غیر قانونی طور پر غائب ہونے کا واقعہ ہوا تو محکمانہ کارروائی کی جائے گی
کراچی(آئی این پی )قویم ائیرلائن پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں مبینہ طور پر لاپتہ ہوگیا ، فضائی میزبان کو 19 نومبر کی فلائٹ سے واپس لاہور پہنچنا تھا لیکن وہ غائب ہے۔ رپورٹ کے مطابق قومی ایئرلائن کی نجکاری کے خدشات کے درمیان ملازمین کا بیرون ملک فلائٹس پر سلپ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔سینئر فلائٹ پرسر آصف نجم لاہور سے کینیڈا جانے والی پرواز پر مبینہ طور پر لاپتہ ہو گئے۔انتظامیہ نے بتایا کہ آصف نجم 16 نومبر کو لاہور سے ٹورنٹو کی پرواز پر روانہ ہوئے تھے اور 19 نومبر کی فلائٹ سے واپس لاہور پہنچنا تھا، لیکن 16 سے 19 نومبر کے درمیان وہ ہوٹل سے غائب ہو گئے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پرواز PK-798 پر رپورٹ نہیں کیا اور رابطہ کرنے پر طبیعت کی ناسازی کا عذر پیش کیا۔پی آئی اے انتظامیہ اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور اگر یہ غیر قانونی طور پر غائب ہونے کا واقعہ ثابت ہوا تو فضائی میزبان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جائے گی۔پی آئی اے انتظامیہ نے آصف نجم کی گمشدگی سے متعلق ٹورنٹو پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔