حکومت نے سات روز میں کمیشن بنانا تھا لیکن اب تک9مئی اور 26نومبر پر جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا اس لیے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں
ہماری بڑی خواہش تھی مذاکرات جاری رہیں ، معاملات آگے بڑھیں لیکن شاید سیاسی اختلافات کی ٹھنڈک اتنی زیادہ ہے کہ اس سے برف پگھل نہیں رہی، بیرسٹرگوہر
راولپنڈی (آئی این پی ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسڑ گوہر نے اڈیالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، انہوں نے دو ٹوک اعلان کردیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے کا کہہ دیا ہے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا حکومت نے 7 روز میں کمیشن بنانا تھا لیکن اب تک حکومت نے 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا اس لیے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی سے میری اور باقی وکلاء کی ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ کمیشن نہیں بنایا لہٰذا مذاکرات ختم کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا مذاکرات کے مزید رائونڈز نہیں ہوں گے۔ بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا ہماری تو بڑی خواہش تھی کہ مذاکرات جاری رہیں اور معاملات آگے بڑھیں لیکن شاید سیاسی اختلافات کی ٹھنڈک اتنی زیادہ ہے کہ اس سے برف پگھل نہیں رہی، افسوس کی بات ہے کہ حکومت کی طرف سے آج تک کوئی اعلان نہیں ہوا۔بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ کمیشن سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کے تین سینئر ججز پر مشتمل ہوں۔