برطانیہ میں آج سُرخ بارش ہونے کا امکان، ماہرین نے خبردار کردیا

برطانیہ میں آج سُرخ بارش ہونے کا امکان، ماہرین نے خبردار کردیا

یورپی ماحولیاتی ادارے CAMS کے سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں ’بلڈ رین‘ یعنی سرخ بارش کا امکان موجود ہے۔

حالیہ دنوں میں برطانیہ کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں اور بعض مقامات پر رواں سال تقریباً روزانہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق، صحرائے اعظم (صحارا) سے اٹھنے والی سرخ گرد کی ایک بڑی تہہ یورپ سے ہوتی ہوئی برطانیہ کی جانب بڑھ رہی ہے، جو بارش کے ساتھ مل کر سرخ رنگ اختیار کر سکتی ہے۔ اس سرخ بارش کو عام طور پر ’بلڈ رین‘ کہا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سرخ گرد انسانی صحت کے لیے مضر نہیں ہوتی، بلکہ اس کے نتیجے میں گاڑیوں اور کھلی سطحوں پر باریک سرخ مٹی کی تہہ جم سکتی ہے، اور اس سے زیادہ کچھ نہیں ہوتا۔ سینئر سائنسدان مارک پیرنگٹن کے مطابق، یہ سرخ گرد زیادہ تر جنوبی انگلینڈ کے اوپر بلند فضاؤں میں گزرے گی، اور امکان ہے کہ منگل تک برطانیہ پہنچ جائے گی، جہاں یہ تقریباً دو گھنٹے تک برقرار رہ سکتی ہے۔ 
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق، اس گرد کا سبب افریقا کے علاقوں میں موسمی حیاتیاتی ایندھن (بایو ماس) کو جلانے کے عمل بھی ہو سکتا ہے، جس سے فضا میں دھواں اور ذرات بلند ہو جاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صحرا میں چلنے والی تیز ہوائیں ان ذرات کو فضا کی بالائی تہوں تک پہنچا دیتی ہیں، اور اگر یہ ہوائیں شمال کی جانب چل رہی ہوں تو یہ ذرات ہزاروں کلو میٹر کا سفر طے کرتے ہوئے برطانیہ تک پہنچ سکتے ہیں۔