نوشہرہ روڈ پر واسا نے پائپ ڈالنے کیلئے سڑک پر رکھے تھے، اندھیرے کے با عث حادثہ
لاہور کا رہائشی عثمان موقع پر دم توڑ گیا،کزن کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں ، شہریوں کا اظہار تشویش
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ)لاہور کے بعد گوجرانوالہ میں ترقیاتی کاموں کے دوران سڑک پر پڑے واسا کے سیوریج پائپوں سے ٹکرا کر موٹر سائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گیا جبکہ اس کے کزن کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق نوشہرہ روڈ پر رات کے وقت اندھیرے کے باعث سڑک پر رکھے سیوریج پائپ نظر نہ آئے اور موٹر سائیکل سوار عثمان پائپوں سے جا ٹکرایا اور شدید چوٹیں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے عثمان کا تعلق لاہور سے تھا اور وہ گوجرانوالہ میں خالہ کے گھر آیا ہوا تھا ۔ دوسری جانب اہل علاقہ نے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر تعمیراتی سامان بغیر حفاظتی انتظامات کے رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور رات کے اوقات میں مناسب روشنی اور وارننگ سائنز کا اہتمام کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں۔