رسم سوئم میں شرکت کے لیے جانے والا خاندان حادثے کا شکار، بہو شدید زخمی
احمدپور سیال (خصوصی رپورٹ) احمدپور سیال میں اڈہ حضرت پیر عبدالرحمن کے قریب کار اور موٹر سائیکل کے درمیان ہولناک تصادم کے نتیجے میں ماں بیٹا جاں بحق جبکہ بہو شدید زخمی ہو گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اڈہ چک بھٹہ کے رہائشی شمیر کے اہل خانہ موٹر سائیکل پر رسم سوئم کی ختم کی تقریب میں شرکت کے لیے ملہو آنہ موڑ کی جانب جا رہے تھے کہ اڈہ پیر عبدالرحمن کے قریب ان کی موٹر سائیکل کار سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں شمیر کی بیوی پٹھانی مائی اور بیٹا شوکت موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ بہو ارشاد مائی شدید زخمی ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمدپور سیال منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ جاں بحق ماں بیٹے کی میتیں ان کے آبائی علاقے روانہ کر دی گئیں۔