ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ازبک صدر کی آمد پر نور خان ایئربیس اور بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس میں روایتی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا گیا۔وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران صدر شوکت مرزایوف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، جبکہ اعلیٰ سول و عسکری حکام تقریب میں شریک تھے۔دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شوکت مرزایوف کے درمیان پہلے دو طرفہ ملاقات ہوگی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ ان مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی رابطوں، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دونوں رہنما پاکستان اور ازبکستان کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جن کا مقصد اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانا اور دو طرفہ تعاون کو نئی جہت دینا ہے۔اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف اور ازبک صدر شوکت مرزایوف پاکستان۔ازبکستان بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔ یہ دورہ پاک۔ازبک تعلقات میں مزید استحکام اور خطے میں اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔