نماز جنازہ سپورٹس سٹیڈیم میں ادا کی گئی ،سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ،فوجی یونٹس تعینات کیے گئے
بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک)لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ اور سیکرٹری جنرل ہاشم صفی الدین کی بیروت میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کے تاریخی جنازے میں شرکت کیلئے لبنان اور دنیا بھر سے لاکھوں افراد بیروت پہنچے ۔بیروت میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے فوج اور داخلی سکیورٹی فورسز کے یونٹس تعینات کیے گئے۔خبر ایجنسی کے مطابق حسن نصراللہ اور سیکرٹری جنرل ہاشم صفی الدین کے جسد خاکی بیروت کے سپورٹس سٹیڈیم میں پہنچا ئے گئے، جہاںنماز جنازہ کا اجتماع ہوا۔واضح رہے کہ حسن نصر اللہ 27 ستمبر 2024 کو اسرائیل کے جنوبی بیروت پر فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے۔ جبکہ سید ہاشم صفی الدین 3 اکتوبر 2024 کو اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔حزب اللہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دونوں رہنماؤں کے جنازے کو مؤخر کر دیا تھا، تاہم اتوار کے روز یہ تاریخی تقریب انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ منعقد کی گئی۔