کسی بھی معاشرے کی ترقی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں:قیصر شیخ

 غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے تعلیمی ترقی کلیدی اہمیت رکھتی ہے،تقریب سے خطاب
فیصل آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں، غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے تعلیمی ترقی کلیدی اہمیت رکھتی ہے اور موجودہ حکومت اس شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وہ چنیوٹ اسلامیہ سکول آف کالج فیصل آباد کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے ادارے کے لیے 10 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ چنیوٹ اور کراچی میں میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کی خواہش رکھتے ہیں جبکہ میری ٹائم یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے ہوتی ہے جس سے ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے اڑان پاکستان منصوبے کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملکی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور عالمی کمپنیاں پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہیں۔گوادر بندرگاہ کی اہمیت کے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے گوادر بندرگاہ کو عالمی تجارت کا اہم گیٹ وے قرار دیا اور کہا کہ سینٹرل ایشیائی ممالک بھی اپنی تجارت کے لیے پاکستان کے سمندری راستوں کو استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پورٹ قاسم نے گزشتہ سال 42 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کے علاوہ قرآن کریم حفظ کرنے والے 11 بچوں کی دستار بندی اور 3 بچیوں کی دوپٹہ پوشی بھی کی۔