نیتن یاہوجنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کررہے ہیں،حماس ،اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی ویڈیو جاری کردی
غزہ: تل ابیب(آئی این پی ) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کی جانب سے 6 یرغمالیوں کی رہائی کے کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی طے شدہ رہائی موخر کردی ہے جس پر حماس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے گھنائونا کھیل کھیل رہے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حماس کی طرف سے بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں جس میں ہمارے قیدیوں کی عزت کو مجروح کرنے والی تقریبات اور پروپیگنڈے کے لیے ان کا مذموم سیاسی استعمال بھی شامل ہیں ان کی وجہ سے قیدیوں کی رہائی کوموخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان پر حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے گھنائونا کھیل کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں قیدیوں کی رہائی کا منظر دو اسرائیلی یرغمالیوں نے گاڑی سے دیکھا، حماس نے ویڈیو بھی جاری کردی، دونوں یرغمالیوں نے اپنی حکومت سے رہائی ممکن بنانے کی اپیل کی۔