دوہراقتل کیس:ملزم کو دو مرتبہ سزائے موت،6سال قید

ملزم خضر نے سوتیلی ماں، سوتیلے بھائی کو قتل ، باپ کوشدید زخمی کیا تھا
بوریوالا(خصوصی رپورٹ)بوریوالا کی عدالت نے دوہرے قتل کے مشہور مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو دو مرتبہ سزائے موت کا حکم دیدیا۔ ایڈیشنل سیشن جج محسن علی نے تھانہ فتح شاہ میں درج تین سال پرانے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے نامزد ملزم خضر کو دو افراد کے قتل کے جرم میں دو مرتبہ سزائے موت اور مجموعی طور پر پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔عدالت نے اقدامِ قتل کے جرم میں ملزم کو پانچ سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایک سال قید اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو مزید سزا بھگتنا ہوگی۔استغاثہ کے مطابق ملزم خضر نے تین سال قبل اراضی کے تنازع پر اپنی سوتیلی ماں شہناز بی بی اور سوتیلے بھائی اظہر کو قتل جبکہ اپنے باپ دوست محمد کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔مقدمہ تھانہ فتح شاہ میں درج کیا گیا تھا۔