اچھرہ میں سال کا بڑا فراڈ ،پولیس سراغ نہ لگاسکی

ملزم وسیم اختر کے خلاف مقدمات کی تعداد 7ہو گئی،مزید 40درخواستیں تھانے جمع
لاہور(کرائم رپورٹر)اچھرہ میں سال 2025 کے سب سے بڑے فراڈ کیس میں پولیس تاحال کسی ٹھوس سراغ تک نہ پہنچ سکی۔ مرکزی ملزم وسیم اختر کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 7 ہو چکی ہے تاہم پولیس کو اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ملزم ملک سے فرار ہو چکا ہے یا پاکستان میں ہی روپوش ہے۔ذرائع پولیس کے مطابق گلریز اختر کی مدعیت میں 7 کروڑ 42 لاکھ 80 ہزار روپے تاجر شکیل انجم کی مدعیت میں 3 کروڑ 50 لاکھ روپے، میاں سہیل کی مدعیت میں 1 کروڑ 65 لاکھ روپے جبکہ وقاص نامی تاجر کی مدعیت میں 65 لاکھ 24 ہزار روپے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ اچھرہ پولیس پہلے ہی محمد نورالامین کی درخواست پر 9 کروڑ روپے کا مقدمہ درج کر چکی ہے جبکہ احمد صدیقی تاجر کی مدعیت میں سب سے پہلا مقدمہ 2 کروڑ 25 لاکھ روپے کے فراڈ پر درج کیا گیا تھاپولیس ذرائع کے مطابق مارکیٹ کے دکانداروں کی جانب سے مزید 40 کے قریب درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں مقدمات کے اندراج کا مطالبہ کیا گیا ہے پولیس کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ دکانداروں کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد پیش رفت کی توقع ہے