پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ، سہ ملکی سیریز اور ورلڈ کپ کی تیاری مکمل

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ، سہ ملکی سیریز اور ورلڈ کپ کی تیاری مکمل

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم دبئی کے راستے زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے کے لیے روانہ ہو گئی ہے، جہاں قومی جونیئر ٹیم ایک اہم سہ ملکی سیریز میں حصہ لے گی۔

ٹیم اسلام آباد سے دبئی پہنچی، جہاں مختصر قیام کے بعد اگلے مرحلے میں ہرارے کے لیے روانگی ہوگی۔اس دورے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے تمام 15 کھلاڑیوں کے ساتھ کوچنگ اور مینجمنٹ اسٹاف بھی شامل ہے۔ یہ دورہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ سہ ملکی سیریز کے فوراً بعد ٹیم کو آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کرنا ہے۔افغانستان، زمبابوے اور پاکستان کے درمیان ہونے والی ٹرائی نیشن سیریز کا آغاز 25 دسمبر سے ہوگا۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنا پہلا میچ 27 دسمبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد قومی ٹیم 29 دسمبر کو زمبابوے، 2 جنوری کو افغانستان اور 4 جنوری کو زمبابوے کے خلاف میدان میں اترے گی۔

سہ ملکی سیریز کا فائنل 6 جنوری کو شیڈول کیا گیا ہے، جس میں ٹاپ دو ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ سیریز پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کنڈیشنز میں کھیلنے اور ورلڈ کپ سے قبل اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا قیمتی موقع فراہم کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق سہ ملکی سیریز کے میچز سے ٹیم مینجمنٹ کو کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے اور ورلڈ کپ کے لیے بہترین کمبی نیشن تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔ شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم اس دورے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔