منصوبہ وزیرِ اعلی پنجاب کی براہِ راست نگرانی اور خصوصی دلچسپی کا حامل ہے
سرگودھا (آئی این پی )سرگودھا میں 13 ارب روپے کا جدید شرمپ ایکوا کلچر اسٹیٹ منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز کردیا گیا ۔وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے بلیو اکانومی وژن کے تحت سرگودھا میں 13 ارب روپے کی لاگت سے جدید شرمپ ایکوا کلچر اسٹیٹ کے قیام کے منصوبے پر عملی پیش رفت شروع ہو گئی ہے، جس کے لیے پہلا باضابطہ اجلاس کمشنر آفس سرگودھا میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سرگودھا میں شرمپ اسٹیٹ کے ساتھ مکمل ایکوا کلچر ویلیو چین کے قیام سے متعلق انتظامی، تکنیکی اور مالی پہلوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ تحصیل سرگودھا میں شروع کیا جا رہا ہے، جس کی مجموعی لاگت 13 ارب روپے ہے جبکہ منصوبے کی مدت 2028 تک مقرر کی گئی ہے۔سیکرٹری ایکوا کلچر اینڈ فشریز رانا محمد سلیم افضل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ وزیرِ اعلی پنجاب کی براہِ راست نگرانی اور خصوصی دلچسپی کا حامل ہے، جس کا مقصد صوبے میں بلیو اکانومی کو فروغ دینا، جدید ایکوا کلچر رجحانات متعارف کرانا اور شرمپ کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے