سرکاری زرعی زمینیں کاشتکاروں میں تقسیم، کرائے داروں کو لاکھوں روپے کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے جاری نوٹسز کی واپسی ، گندم کی قیمت 4ہزار فی من مقرر کرنے کا مطالبہ
فیصل آباد(آئی این پی )کسانوں نے گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت متعارف کرائی جانے والی کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف 13اپریل کو ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔تفصیل کے مطابق پاکستان کسان رابطہ کمیٹی، انجمن مزارین پنجاب، ہری جدوجہد کمیٹی، کروفٹر فائونڈیشن اور دیگر متعلقہ کسان راہنمائوں کے مشترکہ اجلاس میں 13اپریل بروز اتوار مختلف شہروں اور پبلک سیکٹر فارمز میں ریلیاں اور کنونشنز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مظاہروں کے دوران شرکاء کارپوریٹ فارمنگ کے خاتمے اور کسانوں کو نسلوں سے کھیتی باڑی کرنے والی ان کی زمینوں سے بے دخلی روکنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ کسانوں کے احتجاج کے دوران جنوبی پنجاب میں متنازعہ نہروں کی تعمیر پر پابندی کا بھی مطالبہ کیا جائے گا، احتجاج کے لیے دیگر مطالبات میں تمام سرکاری زرعی زمینیں کاشتکاروں میں تقسیم، کرائے داروں کو لاکھوں روپے کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے جاری نوٹسز کی واپسی اور جاری کٹائی سیزن کے دوران گندم کی قیمت خرید 4 ہزار روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔