راولپنڈی:اربوں روپے مالیت کے واٹرسپلائی منصوبے کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا گیا

 بڈنگ کے جوائنٹ ونچر میں کامیابی حاصل کرنیوالی پاکستانی کمپنی کو ایگریمنٹ سے الگ کردیا گیا تھا
20ارب 40 کروڑ مالیت کے ایشن ڈویلپمنٹ بنک فنڈڈ پراجیکٹ کے کنٹرکٹ کا دوبارہ ٹینڈر ہوگا
 راولپنڈی (آئی این پی)راولپنڈی میں چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کے ذریعے اربوں روپے مالیت کے چہان ڈیم واٹر سپلائی منصوبے کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا گیا، 20 ارب 40 کروڑ مالیت کے ایشن ڈویلپمنٹ بینک فنڈڈ پراجیکٹ کے کنٹرکٹ کا دوبارہ ٹینڈر ہوگا، لاٹ 2 اور لاٹ 3 کا کنٹریکٹ غیر ملکی کمپنی کو 20 ارب 40 کروڑ میں ایوارڈ کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس لینے پر ایک مالیاتی سکینڈل جنم نہ لے سکا، کنٹریکٹ بڈنگ کے جوائنٹ ونچر میں کامیابی حاصل کرنے والی پاکستانی کمپنی کو ایگریمنٹ سے الگ کردیا گیا تھا، 20 ارب 40 کروڑ مالیت کا کنٹریکٹ صرف ترکش کمپنی کو ایوارڈ کردیا گیا تھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس لینے پر چیف منسٹر انسپکشن ٹیم نے فیکٹ فائنڈنگ کے بعد معاملہ پراجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی کو بھجوایا تھا۔چیئرمین پی این ڈی بیرسٹر نبیل اعوان کی سربراہی میں پراجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی نے کنٹریکٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ سنایاہے۔کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کے ذمہ داران افسران کے خلاف چیف سیکرٹری پنجاب ضروری کارروائی کریں۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اب ہر غیر ملکی فنڈڈ پراجیکٹ کا ہر تین ماہ بعد پراجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی میں جائزہ لیا جائے گا۔