لاہور،کراچی گرین لائن طرز پر نئی ٹرین کی تیاری

کوچزمقامی سطح پر تیار، باہر سے منگوانے کی ضرورت نہیں رہے گی:سی ای او
لاہور(کرائم رپورٹر )پاکستان ریلوے کے سی ای او نے کہا لاہور اور کراچی کے درمیان گرین لائن طرز کی ایک نئی ٹرین چلائی جائے گی اور مرحلہ وار تمام کوچز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ای کچہری کے دوران عوام کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ نے کہا ریلوے کی اولین ترجیح مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے اور خوش آئند بات یہ ہے پاکستان ریلوے کے پاس اب جدید ٹیکنالوجی موجود ہے جس کی مدد سے مقامی سطح پر نئی کوچز تیار کی جا رہی ہیں، جس کے بعد ریلوے کو بیرون ملک سے کوچز در آمد کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے مزید بتایا پاکستان ریلوے نے بولان ایکسپریس کا آپریشن صرف 45 دنوں کے اندر اپنے وسائل سے بحال کیا، مزید یہ کہ بارشوں سے متاثرہ ریلوے ٹریک اور پل بھی ریلوے اپنے وسائل سے ہی مرمت کر رہا ہے۔ سی ای او ریلوے نے پڈعیدن، سیالکوٹ اور دیگر ریلوے سٹیشنز پر صاف پانی، بینچز کی تعداد اور دیگر سہولیات میں اضافے کیلئے متعلقہ ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ کو فوری ہدایات جاری کیں۔ ای کچہری میں مجموعی طور پر 35 ہزارسے زائد افراد شریک ہوئے جبکہ تقریباً ساڑھے چھ ہزار کمنٹس موصول ہوئے۔