لاہور سمیت ملک کے 10 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق

 وائرس کے دوبارہ پھیلنے سے  بچوں کو  ایسی بیماری کا شدید خطرہ لاحق ہے جو انہیں زندگی بھر کیلئے مفلوج کر سکتی ہے:این آئی ایچ حکام
اسلام آباد (آئی این پی ) قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں قائم پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے پہلے سے متاثرہ 10 اضلاع سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی  1) کی نشاندہی کی تصدیق کی ہے۔ میڈیا  رپورٹ کے مطابق لیبارٹری حکام کے مطابق گوادر، سبی، خضدار، ڈکی، حب، لسبیلہ، نوشکی، بنوں، ڈی آئی خان اور لاہور سے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں ڈبلیو پی وی ون کی نشاندہی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جب کسی ضلع کے سیوریج کے نمونے میں پولیو وائرس پایا جاتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ ماحولیاتی نمونہ مثبت پایا گیا ہے اور ضلع کو متاثرہ ضلع قرار دیا جاتا ہے اور جب کوئی بچہ انفیکشن کا شکار ہوتا ہے تو اسے مثبت پولیو کیس قرار دیا جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال ملک میں پولیو کے 64 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ پولیو وائرس کے دوبارہ پھیلنے سے ملک بھر میں بچوں کو ایک ایسی بیماری کا شدید خطرہ لاحق ہے جو انہیں زندگی بھر کے لئے مفلوج کر سکتی ہے۔