ملک کے 20اضلاع کے 25سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق

 بلوچستان کے 9، خیبر پختونخوا 5،پنجاب کے 6اضلاع کے سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو  نکلے 
اسلام آباد(آئی این پی )ملک کے 20اضلاع کے 25سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس ون کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے نیشنل ریفرنس لیب میں ملک گیر ماحولیاتی نمونوں کی ٹیسٹنگ کے دوران 20اضلاع کے 25سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس ون کی تصدیق کر دی۔این ای او سی نے بتایا کہ پولیو ٹیسٹ کیلیے ماحولیاتی نمونے 5 سے 19 مارچ کے درمیان لیے گئے، بلوچستان کے 9 اور خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع کے ماحولیاتی نمونے پولیو پازیٹو آئے۔پنجاب کے 6 اضلاع کے سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں۔ اسی طرح کوئٹہ، کیچ، خضدار، لسبیلہ، پشین، لورالائی، دکی، نصیر آباد، اوستہ محمد، پشاور، بنوں، کوہاٹ، لکی مروت، جنوبی وزیرستان، لوئر، لاہور، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان اور رحیم یار خان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ٹیسٹنگ کے دوران 31 اضلاع کے 35 سیوریج سیمپلز پولیو وائرس سے پاک نکلے ہیں۔