لاہور میں مختلف مقاما ت پر بوندا باندی‘مری میں پہلی برفباری

  بالائی اوروسطی پنجاب ، خیبر پختونخوا،گلگت بلتستا ن ،کوئٹہ اور کشمیر میں  بارش کاامکان ہے:محکمہ موسمیات 
لاہو‘مری( سپیشل رپورٹر‘مانیٹرنگ ڈیسک )ملک کے مختلف شہروں میں بادلوں نے انٹری دے دی،  لاہور میں پیر کو  مختلف علاقوں میں رواں موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ موسم خوشگوار  ہوگیا ۔ صوبائی دارالحکومت میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا اور خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا۔لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپورروڈ، ماڈل ٹان، گلبرگ، کلمہ چوک، گارڈن ٹان کے اطراف میں ہلکی بارش ہوئی، ، اس کے علاوہ قصور، کاہنہ، پاکپتن اور رینالہ خورد میں بھی بوندا باندی ہوئی۔۔محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلو رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ دریں اثناء  مری  میں  موسم  سرما  کی  پہلی   برفباری  شروع ہوگئی، پہاڑوں پر سفیدی  چھا  گئی، سیاحوں نے مری سے برفباری اور بارش سے لطف اندوز ہونے کیلئے مری کا رخ کرلیا۔