بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش‘لاہور میں بوندا باندی

اسلام آباد ،  کوئٹہ(آئی  این پی  )طویل خشک موسم کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں   میں بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔ تفصیل کے مطابق  کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور زیارت میں  بدھ کی  صبح سے برف باری کا سلسلہ جاری  ہوگیا ۔کوئٹہ اورگردونواح میں رات گئے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سنجاوی کے پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ‘لاہور سمیت مختلف شہروں میں بوندا باندی ہوئی اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں ‘آئندہ24گھنٹوں میں پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور  شدید برفباری کا امکان  ہے