کہیں بارش‘کہیں بوندا باندی‘موسم کا مزاج بدل گیا‘شدید سردی برفباری سے پہاڑبھی سفید ہو گئے

   اسلام آباد، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں  کھل کر بادل برسے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں طویل خشک سالی کے بعد بوندا باندی
 خیبر پخونخوا اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری ‘بلوچستان میں بھی طویل عرصے کے بعد  موسم سرما کی پہلی بارش،درجہ حرارت  گرگیا
اسلام آباد،لاہور،کوئٹہ،کراچی  (آئی این پی)ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔پیر کو محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا سے ملحقہ علاقوں میں موسمیاتی نظام فعال ہے، جس کی وجہ سے آئندہ  چند گھنٹوں کے دوران مری، گلیات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مظفر آباد، وادی نیلم، راولا کوٹ، گڑھی دوپٹہ، کوٹلی اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔اسی طرح گلگت، سکردو، گوپس، بونجی، چلاس، استور اور اردگرد کے علاقوں میں بارش کے علاوہ برفباری کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ روز   اسلام آباد، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا اور شام کے وقت ہلکی بارش ہوئی تاہم رات کو کھل کر بادل برسے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی طویل خشک سالی کے بعد بوندا باندی ہوئی۔شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، مغلپورہ، شاد باغ، ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، شاہ پور کانجراں اور چوہنگ کے اطراف میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔خیبر پخونخوا اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔پشاور، چارسدہ، مردان، ہنگو اور دوسرے مقامات پر بارش کے بعد موسم کافی سرد ہو گیا   جبکہ چترال، مہوڈنڈ، چترال اور مالم جبہ میں برف باری کے بعد پہاڑوں اور گلی کوچوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ ادھر  زیریں وادی نیلم میں بارش ہوئی، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔   بلوچستان میں بھی طویل عرصے کے بعد بارش ہوئی اور درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔چمن، قلعہ عبداللہ، اور توبہ اچکزئی میں شدید آندھی بھی چلی جس سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ۔تھ بارش سے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے، دیواریں گر گئیں ۔