لاہور میں بوندا باندی سے سردی میں اضافہ، مزید بارش کی پیشگوئی

پنجاب میں دھند کا بسیرا، موٹر ویز مختلف مقامات سے بند، فلائٹس آپریشن بھی متاثر
 لاہور(آئی این پی )لاہور میں بوندا باندی کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔شہر لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، انار کلی، سمن آباد، چوک یتیم خانہ، اقبال ٹائون، ٹائرون شپ، جوہر ٹان، ٹھوکر نیاز بیگ اور چونگی امر سدھو میں بادل برس پڑے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آئندہ24گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد تک جا پہنچا ہے، ہوا کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب  پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا بسیرا برقرار ہے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کیا گیا ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 فیض پور سے سمندری تک بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔