بسنت پورٹل کب کھلے گا؟ پتنگ سازوں کی انتظامیہ سے ملاقات

بسنت پورٹل کب کھلے گا؟ پتنگ سازوں کی انتظامیہ سے ملاقات

ضلع کی انتظامیہ اور پتنگ بازی سے وابستہ افراد کے درمیان بسنت کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

 اس ملاقات کا مقصد بسنت پورٹل، پتنگ اور ڈور کے سائز سمیت مجوزہ قانونی ترامیم پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا تھا۔ملاقات میں مختلف ایسوسی ایشنز کے نمائندگان، جن میں ڈسٹرکٹ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ سلیم، آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ شکیل، سیف کائٹ فلائنگ کے وائس چیئرمین مہتاب ہاشمی، جنرل سیکرٹری عظیم درانی اور آل پاکستان کائٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندگان شامل تھے، نے شرکت کی۔اس موقع پر ایسوسی ایشنز نے مطالبہ کیا کہ بسنت کا پورٹل جلد سے جلد کھولا جائے تاکہ پتنگ سازی کا عمل شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی جلد پتنگ سازی شروع ہوگی، اتنی ہی بہتر انداز میں طلب پورا کی جا سکتی ہے۔ایسوسی ایشنز کے مطابق، تاحال لائسنس پورٹل کھولنے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، مگر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز عبداللہ خان نے یقین دہانی کرائی کہ بسنت پورٹل جلد ہی اوپن کر دیا جائے گا۔

ملاقات میں ڈور کی تیاری کے طریقہ کار پر بھی گفتگو ہوئی۔ آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے پنے کے بجائے چڑھی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا، کیونکہ بیشتر کاریگر اب پنے بنانے کے قابل نہیں رہے۔ نمائندوں کے مطابق، ایک پنے کے مقابلے میں پانچ چڑھیاں تیار کی جا سکتی ہیں، جو کہ وقت کے لحاظ سے بہتر ہے۔کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ڈور کی تیاری مقررہ حفاظتی ضوابط کے مطابق کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے ڈور چرخی پر ہو یا پنے پر، اس کا بنیادی فرق نہیں، اصل توجہ ڈور کی حفاظت اور معیار پر ہونی چاہیے۔