بھارت کے قریب مال بردار بحری جہاز ڈوب گیا، 24افراد لاپتہ

ممبئی (نیٹ نیوز )بھارت کے مشرقی ساحل کے قریب پاناما کا پرچم بردار مال بردار بحری جہاز ڈوب گیا۔ بھارتی کوسٹ گارڈ کا عملہ جہاز میں سوار 24 افراد کی تلاش اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔بھارتی کوسٹ گارڈ کے مطابق گزشتہ روز سمندر میں ڈوبنے والے بحری جہاز سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ جہاز پر 24 افراد کا عملہ موجود تھا، جن میں 20 چینی شہری، 3 میانمار اور ایک بنگلا دیشی شہری شامل تھا۔کوسٹ گارڈ کے ترجمان کمانڈنٹ امیت یونیال کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد سری وجے پورم، جسے ماضی میں پورٹ بلیئر کہا جاتا تھا، سے دو بحری جہاز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے روانہ کیے گئے۔بھارتی کوسٹ گارڈ کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیموں نے لائف رافٹس سے 2 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے، جبکہ دیگر لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے