امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ایران کے مزید قریب پہنچ گیا

لندن (یواین پی )امریکا نے ایران پر یومیہ 800 فضائی حملے کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے، جو کسی بھی ممکنہ ایرانی ردعمل کے اثرکو زائل کرنے کیلیے کافی سمجھی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق خطے میں امریکی جنگی سازوسامان اور فوجی موجودگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافیکا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری بیڑہ ابراہام لنکن ایران کے مزید قریب پہنچ گیا اور اب امریکی بحری بیڑہ ایرانی ساحل سے 700 کلو میٹر کے بجائے  صرف 240 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی بحری اور فضائی طاقت میں اس اضافے کا مقصد خطے میں اپنی عسکری برتری کو مضبوط بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری کارروائی کی صلاحیت کو یقینی بنانا ہے۔