سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ ڈاکٹر صالح بن فوزان نے خصوصی افراد کی نگہداشت، فلاح و بہبود اور سرپرستی کو اسلامی تعلیمات کا اہم جز قرار دیا ہے۔
انہوں نے یہ باتیں تاریخی شہر طائف میں معذور افراد کے مرکز کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ معاشرے میں خصوصی اور کمزور افراد کی دیکھ بھال سے رحمت، باہمی تعاون اور ہمدردی کے جذبات کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ اسلام کی تعلیمات معاشرے کے کمزور، خصوصاً معذور افراد کے ساتھ حسن سلوک، ہمدردی اور ذمہ داری کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معاشرے کو چاہیے کہ وہ ان افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کرے اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، کیونکہ یہ عمل اسلامی اقدار کے عین مطابق ہے۔ مفتی اعظم شیخ صالح بن فوزان نے اس موقع پر یہ بھی تاکید کی کہ خصوصی افراد کی خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ نہ صرف سماجی فریضہ ہے بلکہ یہ عبادت کا درجہ بھی رکھتی ہے، جس کا اجر اللہ تعالیٰ کے ہاں ہے۔ اس گفتگو کا مقصد معاشرتی ذمہ داری اور اسلام کی تعلیمات کے مطابق ایک ہمدرد اور ایک دوسرے کے معاون معاشرہ تشکیل دینا ہے، تاکہ سب کے حقوق کا احترام اور فلاح ممکن ہو سکے۔