ملاقات کے دوران دیپیکا کو فلم کی مکمل کہانی نہیں سنائی گئی بلکہ صرف ایک لائن میں فلم کا خیال بتایا گیا تھا:بھارتی میڈیا
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور فلمساز سندیپ ریڈی وانگا کے درمیان فلم اسپرٹ سے علیحدگی کا معاملہ ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ فلم سے الگ ہونے کے بعد اس کی مختلف وجوہات سامنے آتی رہی ہیں، لیکن اب ایک قریبی ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ دیپیکا نے فلم میں کام کرنے کا فیصلہ سنجیدگی سے کبھی کیا ہی نہیں تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کے قریبی ذریعے کا کہنا ہے کہ دیپیکا نے فلم کے ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں بھی سندیپ تقریبا ایک گھنٹہ دیر سے پہنچے اور دیپیکا نے اس کے باوجود پیشہ ورانہ انداز میں بات چیت جاری رکھی۔ذریعے کے مطابق ملاقات کے دوران دیپیکا کو فلم کی مکمل کہانی نہیں سنائی گئی بلکہ صرف ایک لائن میں فلم کا خیال بتایا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ دیپیکا مکمل کہانی سنے بغیر کسی فلم کے لیے حامی نہیں بھرتیں، اس لیے اسپرٹ کبھی ان کی سنجیدہ ترجیحات میں شامل نہیں ہوئی۔اسپرٹ سے متعلق تنازع میں اب تک کئی مختلف وجوہات سامنے آ چکی ہیں۔ تازہ دعوے سے یہ بات ضرور واضح ہوتی ہے کہ دیپیکا اور سندیپ کے درمیان دوبارہ کام کرنے کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔