اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم : پنجاب حکومت کا زمین اور گرانٹ دینے کا اعلان

 اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم : پنجاب حکومت کا زمین اور گرانٹ دینے کا اعلان

پنجاب حکومت نے بے روزگار اور بے زمین افراد کے لیے نئی زرعی سکیم “اپنا کھیت اپنا روزگار” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کا مقصد زرعی شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔وزیر اطلاعات کے مطابق اس سکیم کے تحت بے زمین دیہاتیوں کو کاشتکاری کے لیے زمین فراہم کی جائے گی اور انہیں 50 ہزار سے 2.5 لاکھ روپے تک کی مالی گرانٹ بھی دی جائے گی۔ مجموعی طور پر تقریباً 160 ارب روپے مالیت کی اراضی صرف زرعی استعمال کے لیے مختص کی جا رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس سے قبل حکومت “اپنی چھت اپنا گھر” اور مفت پلاٹس جیسے منصوبے بھی شروع کر چکی ہے، جبکہ اب اس نئے اقدام کے ذریعے زرعی انقلاب لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کسانوں کو سہولت دینے کے لیے کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر، سپر سیڈر اور ٹیوب ویل کی سولرائزیشن جیسے منصوبے بھی جاری ہیں۔ان کے مطابق حکومت کے ان اقدامات کے باعث پنجاب میں گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے اور زرعی ترقی کو مزید فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔