یہاں بچہ فوری شہری بن جاتا پھر کسی اور جہنم سے خاندان لاتا ہے:ٹرمپ
امریکی صدر کا تبصرہ نامناسب اور لاعلمی پر مبنی ہے،بھارتی وزارت خارجہ
واشنگٹن (خصوصی رپورٹ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارتیوں سے ناراضگی برقرار ہے اور اب انہوں نے بھارت کو جہنم کا گڑھا قرار دیدیا ہے۔ اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کی بحث ان دلائل کے بارے میں ہوگی جو میں نے سپریم کورٹ کے سامنے پیدائشی حق شہریت کے بارے میں سنے، دلائل سن کر مجھے کچھ غصہ آیا کیونکہ میں نے جو کچھ سنا وہ قانونی طور پر پابندی لگا رہا تھا اور میرے لیے کافی قابل توجہ یہ تھا کہ وہ شخص جو امریکا کو غیرقانونی غیر ملکیوں کے ساتھ آباد کرنے کے حق میں دلائل پیش کرتا ہے تاکہ آبادی کو ہمیشہ کے لیے تبدیل کیا جا سکے وہ ایک چینی امریکی تھا، جو مجھے کلاسک اٹارنی کی طرح بہت ہوشیار، بہت شریر اور بہت منحرف لگتا ہے۔ٹرمپ نے کہا یہ اٹارنی سانپ کا سر ہے، جو پھر سے امریکا کو سیس پول میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، ہم سب جانتے ہیں کہ ان دلائل کو کمرہ عدالت کے خلاصہ کے طور پر بیان نہیں کیا جانا چاہئے، یہ واقعی قانون کے بارے میں نہیں ہے، یہ رائے عامہ کے بارے میں ہے، انہوں نے کہا جب لوگ حمل کے نویں مہینے میں ہوائی جہاز کے ذریعے یہاں آتے ہیں تو ان میں سے کچھ دلیلیں کتنی موزوں ہیں، یہاں ایک بچہ فوری طور پر شہری بن جاتا ہے اور پھر وہ پورے خاندان کو چین یا بھارت یا کرہ ارض پر کسی اور جہنم سے یہاں لاتے ہیں، یہاں اب انگریزی نہیں بولی جاتی کیوں کہ آج آنے والے تارکین وطن طبقے میں اس ملک کیلئے تقریباً کوئی وفاداری نہیں ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہم نے یہ تبصرہ دیکھا ہے اور اس کے جواب میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والا بیان بھی۔ یقینی طور پر یہ تبصرے لاعلمی پر مبنی، غیر مناسب اور ناموزوں ہیں۔بیان میں کہا گیا یہ تبصرے بھارت ، امریکہ تعلقات کی درست عکاسی نہیں کرتے، جو طویل عرصے سے باہمی عزت و احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں۔صدر ٹرمپ کے اس بیان پر بھارتی شہری غصہ ہو گئے، بھارتی تجزیہ کار تحسین پونا والا نے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے ابھی ہمارے ہندوستان کو "جہنم کا سوراخ" کہا ہے، انہوں نے ہندوستانی اور چینی تارکین وطن کو "لیپ ٹاپ والے غنڈے" بھی کہا کہ انہوں نے "ہمارے جھنڈے پر قدم رکھا ہے"، بنیادی طور پریہ کافی بیمار ذہنیت ہے۔روہت نامی ایک صارف نے لکھا کہ اس شخص کی اپنی خیالی دنیا ہے، دوسروں کو ادنی ٰ انسان سمجھ کر خود کو بہت اونچا سمجھتا ہے، مجھے افسوس ہے کہ ایسے بیوقوف صدر رکھنے والے امریکی کتنے عظیم ہیں۔