وزیر اعظم کا پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی روکنے والی فورسز کو زبردست خراج تحسین

وزیر اعظم کا پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی روکنے والی فورسز کو زبردست خراج تحسین

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاک افغان سرحد پر مہمند اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔  
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان سے تعلق رکھنے والے خارجی عناصر کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کو بروقت کارروائی سے روک دیا گیا، جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔  انہوں نے اس کامیاب آپریشن پر فورسز کی مستعدی اور جرات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔  شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، اور افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی وطن کے دفاع کے لیے دن رات مصروف ہے۔  
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔  وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور قوم ان پر فخر کرتی ہے۔