جارج بش ، بارک اوباما اور جوبائیڈن معاملے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے حامی تھے ، بے مقصدجنگ ختم کی جائے
واشنگٹن(آئی این پی)سابق امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں امریکا کے 3 صدور نیتن یاہو کے ایران سے جنگ کے منصوبے کو مسترد کر چکے ہیں۔ مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی کے دوران اپنے ایک بیان میں جان کیری نے بتایا کہ امریکی صدر جارج بش، بارک اوباما اور جو بائیڈن اسرائیل کی جانب سے ایران کے ساتھ جنگ کے منصوبے کو مسترد کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تینوں سابق امریکی صدور ایران کے ساتھ جنگ کرنے پر راضی نہیں ہوئے تھے اور معاملے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے حامی تھے۔انہوں نے کہا کہ ویتنام اور عراق دونوں جنگوں میں ایک مشترکہ سبق ہے کہ امریکی عوام کو دھوکا نہ دیا جائے۔ دوسری جانب گورنرکیلیفورنیا گیون نیوسم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کیخلاف شروع کی گئی بے مقصدجنگ ختم کی جائے،امریکامیں اشیاکی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دارٹرمپ ہیں،پمپس پرجوگیس کی قیمتیں بڑھی ہیں وہ ٹرمپ کے اقدامات کا نتیجہ ہیں۔