عام آدمی کو ریلیف پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے:ڈپٹی چیئرمین سینٹ

 ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اراکین پارلیمنٹ و قبائلی عمائدین سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے، حکومت کی معاشی ٹیم نے بہترین پالیسیوں، اقدامات کے ذریعے ملک کی معیشت کو درست سمت پر گامزن کر دیا ہے،اڑان پاکستان انہی پالیسیوں کی ایک کڑی ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کریگی۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے جمعہ کو ان سے ملاقات کرنے والے اراکین پارلیمنٹ، ایم این ایز ، سینیٹرز اور قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔ ان ملاقاتوں میں قانون سازی سے متعلق امور، بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا اڑان پاکستان کے تصور کو عوامی حمایت حاصل ہورہی ہے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم ان تمام اقدامات پر خراج تحسین کے مستحق ہے۔سیدال خان نے کہا ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ معاشی اصلاحات کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی، یہ وقت اختلافات کو پیچھے رکھ کر آگے بڑھنے کا ہے، ڈائیلاگ اور گفت و شنید کے ذریعے ہی معاملات کو حل کیا جا سکتا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین کا کہناتھا عام آدمی کا معیار زندگی بہتر کرنا ہمارا مشن ہے، جمہوری رویوں کا فروغ کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو آگے بڑھنا ہوگا۔