صوبے میں امن و امان کے مستقل قیام کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا:گورنر بلوچستان سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال، امن و امان کی حالت اور صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ترجمان ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں گورنر بلوچستان نے صدرِ مملکت کو صوبے میں گورننس، امن و امان کے قیام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری وفاقی و صوبائی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کی خوشحالی ہی پاکستان کی خوشحالی کی ضامن ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور اس کی پائیدار ترقی کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی اور اقدامات میں تسلسل کا ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا صوبے میں امن و امان کے مستقل قیام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچ سکیں۔