شام اور رات کے اوقات مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 2 سے 3 گھنٹے تک پہنچ گیا
لاہور (خصوصی رپورٹ ) لیسکو ریجن میں لوڈشیڈنگ کا جن قابو میں نہ آسکا،شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے شہر کے مختلف علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں وقفے وقفے سے 1 گھنٹہ جبری لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں سولر سسٹم کے باعث بجلی کی طلب کم رہتی ہے، شام اور رات کے اوقات میں سولر سسٹم بند ہونے سے طلب 36 سے 37 سو میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے، طلب بڑھنے کے باعث شام اور رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں 2 سے 3 گھنٹے لوڈشیڈنگ،دیہی اور سرحدی علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی جبری اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث بھی مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بندش کی شکایات، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہوگئے۔