امریکی افواج نے بحرِہند سے ایرانی تیل لے جانے والا جہاز تحویل میں لے لیا‘امریکہ کی ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت

بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیاں اڑادیں ٹرمپ کا امریکی نیوی کو حکم
آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے امریکہ کے جہاز پہلے ہی کام کر رہے ہیں‘ کارروائی کی رفتار تین گنا تک بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ عالمی بحری راستے کو جتنی جلدی ممکن ہو محفوظ بنایا جاسکے
ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور  آج ہوسکتا ہے‘ فوج کو ہدایت دی ہے  ناکہ بندی جاری رکھی جائے ‘جنگ بندی کو اس وقت تک بڑھایا جا رہا ہے جب تک ایران اپنی تجاویز پیش نہیں کر دیتا:امریکی صدر
 واشنگٹن (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )آبنائے ہرمز میں ایران کی پاسداران انقلاب نے بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں جس سے وہاں گزرنے والے جہازوں کو شدید خطرات ہیں اور امریکی صدر نے اس تناظر میں اپنی بحریہ کو نیا حکم دیدیا۔ عالمی ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا  آبنائے ہرمز میں امریکی مائن سویپرز(بارودی سرنگیں صاف کرنے والے جہاز) پہلے ہی کام کر رہے ہیں اور اس عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اس کارروائی کی رفتار تین گنا تک بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ عالمی بحری راستے کو جتنی جلدی ممکن ہو محفوظ بنایا جاسکے۔ انہوں  نے نے کہا  کہ میں نے امریکی بحریہ کو حکم دیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی کسی بھی کشتی کو چاہے وہ کتنی ہی چھوٹی کیوں نہ ہو اسی وقت تباہ کر دیا جائے۔ اس میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔‘امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے  ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور  آج  ہوسکتا ہے۔ فوج کو ہدایت دی ہے کہ ناکہ بندی جاری رکھی جائے اور ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔   جنگ بندی کو اس وقت تک بڑھایا جا رہا ہے جب تک ایران اپنی تجاویز پیش نہیں کر دیتا‘دریں اثناء امریکی افواج نے بحرِہند سے ایرانی تیل لے جانے والا جہاز تحویل میں لے لیا۔امریکی فوج کا دعوی ہے کہ جہاز میں ایرانی تیل لے جایا جا رہا تھا، امریکی فوج نے جہاز Majestic X کی تلاشی لی، کارروائی بحرِ ہند میں انڈو پیسفک کمان نے کی۔امریکی محکمہ جنگ کا کہنا ہے کہ ایران کو معاونت فراہم کرنے والے جہازوں کو روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے چاہے انہیں کہیں سے بھی آپریٹ کیا جارہا ہو، محکمہ جنگ سمندر میں غیر قانونی عناصر اور انکے جہازوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی پانیوں کو پابندیوں کا شکار عناصر کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔  امریکی حکام نے اپنے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ دستیاب پروازوں کے ذریعے جلد از جلد ایران سے نکل جائیں ۔امریکی محکمہ برائے اسٹیٹ اینڈ قونصلر افیئرز نے ایران میں موجود امریکی شہریوں کے لئے   نئی سفری تنبیہ جاری کرتے ہوئے فوری انخلا کی ہدایت کر دی ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پیغام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے جاری کیا گیا ہے، جس میں ایران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بلا تاخیر ملک چھوڑ دیں