ایران کے امریکی فوجی اڈوں،اسرائیل پر حملے
160 امریکیوں کی ہلاکت کا دعویٰ،ہلاک اور زخمی امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد 650 ، اسرائیل پر تابڑ توڑ حملے ، خوف و ہراس ،ملک بھر کیلئے الرٹ ، شہریوں کو بنکرز میں جانے کی ہدایت
ایران کا اسرائیل کے خلاف میزائلوں اور ڈرونز سے تازہ حملہ، آپریشن وعدہ صادق 4 کی 16ویں لہر شروع ، دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب دھماکے، آگ اور دھویں کے بادل
تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) خلیجی ممالک میں امریکا کی بیشتر تنصیبات ایران کے نشانے پر ہیں، ایرانی فوج نے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں میں 160 امریکیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کر دیا۔ایرانی فوج کی جانب سے کہا گیا کہ ہلاک اور زخمی امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد 650 ہوگئی۔پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ بحر ہند میں 650 کلو میٹر دور ایندھن بھرنے والے امریکی جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایران نے اسرائیل کے خلاف میزائلوں اور ڈرونز سے تازہ حملہ کر دیا ہے جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کی 16ویں لہر شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔پاسداران انقلاب اسلامی کے مطابق اسرائیل کی جانب بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں، جن کا ہدف مخصوص عسکری اور سٹریٹیجک مقامات بتائے جا رہے ہیں، میزائل حملوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں ڈرونز بھی اسرائیل کی سمت روانہ کئے گئے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں واقع امریکی قونصل خانے کے قریب زور دار دھماکوں کے بعد آگ اور دھویں کے بادل دیکھے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔عرب میڈیا کے مطابق ریاست ہائے متحدہ امریکہ کا قونصل خانہ دبئی کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد عمارت کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ آسمان پر سیاہ دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا۔دوسری جانب ایران کے اسرائیل پر تابڑ توڑ حملوں کے باعث اسرائیل میں خوف و ہراس کا عالم ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ملک بھر کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو بنکرز میں جانے کی ہدایت کی ہے اور اسرائیل کے وسطی اور شمالی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقے رام اللہ میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، مقبوضہ علاقے بیت شیمش میں ایرانی میزائلوں کا ملبہ گرنے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔عراق میں بجلی کی طویل بندش کے باعث پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عراقی نیوز ایجنسی (آئی این اے) کے مطابق وزارت بجلی نے بتایا کہ اس وقت ایک ساتھ پورا ملک بجلی کی مکمل بندش سے متاثر ہے۔عراقی وزارت بجلی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام صوبوں میں پاور گرڈ مکمل طور پر بند ہوگئے ہیں۔وزارت بجلی نے بتایا کہ ملک بھر میں ہونے والے بجلی کے تعطل کے بعد بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے لیکن اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کی بندش کی تاحال کوئی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے البتہ تحقیقات کا آغاز کردیا۔