اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیز بیانات اور پاکستان مخالف رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے جا رہے ہیں، لیکن پاکستان نے آج اُن کا دگنا بڑھ کر جواب دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کے پاس صرف اونچی آواز اور گیدڑ بھبکیاں ہیں، لیکن پاکستان عملی طور پر ثابت کر چکا ہے کہ وہ اپنے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف داخلی سیاسی فائدے کے لیے دہشت گردی کو استعمال کرتا رہا ہے بلکہ اس نے پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر کے خود کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت مکمل طور پر بند کر دی ہے اور کسی بھی دباؤ یا مجبوری کے تحت یہ فیصلہ واپس نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا:"ہم نے بھارت کی گیدڑ بھبکیوں کا دوٹوک جواب دیا ہے۔ آج کا دن اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ پاکستان نے سود سمیت حساب برابر کر دیا ہے۔"
عطاء اللہ تارڑ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جارحانہ پالیسیاں، مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور خطے کے امن کو لاحق بھارتی خطرات کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن کمزوری ہرگز نہیں دکھائے گا۔عطاء اللہ تارڑ کا یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ملک میں قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے اور وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر حکومتی شخصیات بھی بھارت کے دہشت گردانہ عزائم پر کھل کر آواز اٹھا چکی ہیں۔