بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ کھیلوں تک پہنچ گیا، پاکستان نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا:وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ

بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ کھیلوں تک پہنچ گیا، پاکستان نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا:وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ

اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اب کھیلوں کے میدان تک پہنچ چکا ہے۔

ان کے مطابق عسکری میدان میں شکست کے بعد بھارت کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا اور بھارت کی بلاجواز جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ 4 روزہ جنگ میں پاکستان نے فتوحات کی نئی داستان رقم کی اور بھرپور جواب پر بھارت نے جنگ بندی کی درخواست کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں پائیدار امن کے لیے ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا، اور مودی حکومت اور ہندوتوا نظریے کو عبرت ناک شکست ہوئی۔ ان کے مطابق بھارت ایک غاصب اور جارح ملک ہے جو مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے۔عطاء تارڑ نے پہلگام جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حقیقت کو دنیا کے سامنے آشکار کر دیا گیا ہے۔ پاکستان نے پہلگام واقعے سے متعلق آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اصولوں سے روگردانی کرنے والا بھارت مظلومیت کا ڈھونگ نہیں رچا سکتا، پاکستان پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے لوگ اس تہذیب کا حصہ ہیں جہاں روایات کو اہمیت دی جاتی ہے، اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہیے۔