پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا: عطاء تارڑ

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا: عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پاک افواج نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے، جس میں بھارت کے 40 سے 50 فوجیوں کو ہلاک کیا گیا اور دشمن کے پانچ جدید جنگی طیارے، ڈرونز، اور متعدد فوجی چوکیاں تباہ کر دی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کے رافیل طیاروں پر بڑے ناز کی حالت میں پاک فضائیہ نے انہیں خاک میں ملا دیا اور ان کا غرور بھی مٹی میں ملا دیا۔ وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے اسرائیلی ساختہ 25 ڈرونز کو سافٹ اور ہارڈ کِل تکنیک سے گرایا اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے فوجیوں کو سفید جھنڈا لہرانا پڑا جو کہ ان کی شکست کا واضح ثبوت ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کو کمزور کر سکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے اور پاکستان نے ان کو چائے پلائی تھی، اب ہوم ڈیلیوری کی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ افواج پاکستان کو کسی بھی وقت، کہیں بھی جواب دینے کی مکمل اجازت دے دی گئی ہے اور دشمن کو جواب کب اور کیسے دیا جائے گا، یہ پاکستان خود فیصلہ کرے گا۔

 انہوں نے بھارتی میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انڈین میڈیا نے خود تسلیم کیا کہ پاکستان نے ان کے طیارے گرائے۔انہوں نے اختتام پر کہا کہ بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے حکمت عملی تبدیل کر رہا ہے لیکن پاکستان اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی متحد ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی سے پاکستانی شاہینوں کو سلام پیش کیا اور دشمن کو واضح پیغام دیا کہ اگر اس کے دل میں کوئی غلط فہمی ہے تو وہ جلد مایوس ہوگا۔