وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اب تک بھارت کے پانچ جنگی طیارے اور 77 ڈرونز کامیابی سے مار گرائے، جو پاکستان کی فضائی صلاحیت اور دفاعی برتری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، تاہم جارحیت کی صورت میں دفاع کرنا ہمارا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حق ہے اور پاکستان نے یہ حق پوری ذمہ داری اور حکمت سے استعمال کیا ہے۔انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف عسکری اشتعال انگیزی تک محدود نہیں رہا، بلکہ اندرونِ ملک اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے منظم پروپیگنڈا مہم بھی چلا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا پر فیک نیوز، پرانی تصاویر، اور جعلی ویڈیوز کا استعمال اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کی قیادت گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جھوٹے بیانیے کو بھرپور طریقے سے بے نقاب کیا ہے، جس سے بھارت کو بین الاقوامی سطح پر ہزیمت اٹھانا پڑی۔ ان کے مطابق پوری دنیا نے بھارت کی ناکامی چھپانے کی کوشش کو مسترد کیا ہے، اور جھوٹے بیانیے پر بھارت کو شرمندگی کا سامنا ہے۔وزیر اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہر حال میں اپنے دفاع، خودمختاری اور قومی سلامتی کا تحفظ کرے گا، اور کسی بھی جارحیت کا جواب پوری قوت اور بصیرت سے دیا جائے گا۔