پہلگام واقعہ کے بعد ایشیاکپ 2025، ٹی20 ورلڈکپ 2026 اور چیمپئینز ٹرافی 2029 کی بھارت میں میزبانی خطرے میں
بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد بھارت کی میگا کرکٹ ایونٹس کی میزبانی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی کی صورتحال پر شدید تشویش ہے، جس میں بھارت کی 7 لاکھ سے زائد فوج موجود ہونے کے باوجود حملے کا وقوع پذیر ہونا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور حکومتی جماعت کے رہنما گوتم گمبھیر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
اس کے علاوہ، بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا بائیکاٹ کر دیا ہے، اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ آئی سی سی ایونٹس میں بھی ممکنہ طور پر میچز پر نظر ثانی کی دھمکی دی ہے۔بھارت نے پہلگام واقعہ کا الزام بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر عائد کیا، جو کہ پاکستان کے لیے ایک نیا سیاسی اور سیکیورٹی بحران کھڑا کر رہا ہے۔ 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے اپنی روایتی دشمنی کو ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔ اس صورتحال کے پیش نظر ایشیاکپ 2025، ٹی20 ورلڈکپ 2026 اور چیمپئنز ٹرافی 2029 میں بھارت کی میزبانی پر سیکیورٹی مسائل کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔