قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کی چیمپئینز ٹرافی میں شمولیت کو لے کر اب سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
صائم ایوب کو جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ٹخنے کی چوٹ آئی تھی جب وہ شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرنے کی کوشش میں گر گئے تھے۔چوٹ کے بعد، صائم ایوب اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئے جہاں انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھوپیڈک ڈاکٹرز نے ان کا چیک اپ کیا۔ ڈاکٹر لکی جیاسیلان نے ان کے ٹیسٹ اور رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ ٹخنے کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم، ڈاکٹر نے انہیں 6 ماہ تک مکمل آرام کا مشورہ دیا، اور اس کے بعد دیگر ڈاکٹرز کا پینل اس بارے میں مزید فیصلے کرے گا۔
اس وقت، صائم ایوب کی چیمپئینز ٹرافی میں شمولیت کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں، اور اگر وہ اسکواڈ کا حصہ نہیں بنتے، تو فخر زمان کی واپسی اور امام الحق کے لیے راہ ہموار ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 12 جنوری کو حتمی اسکواڈ کا اعلان کرے گا، اور اس حوالے سے فیصلہ چیئرمین پی سی بی کی ہدایات کے تحت کیا جائے گا۔