پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی میڈیا کی جانب سے چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی پر پاکستان کو ہونے والے نقصان کی رپورٹ کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
پی سی بی ترجمان نے بھارتی میڈیا کی قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کا سختی سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس میڈیا رپورٹ کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی پر 6 ملین ڈالرز کی رقم ملے گی اور دیگر اخراجات جیسے ہوٹلوں کے کرائے، جہازوں کے ٹکٹ، پرائز منی اور دیگر اخراجات آئی سی سی ادا کرے گا۔ پی سی بی نے وضاحت کی کہ چیمپئینز ٹرافی سے کوئی مالی نقصان نہیں ہوا، اور قومی ٹی20 ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی فیس میں کمی کی بات بھی غیر حقیقی ہے۔
اس کے علاوہ، بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پی سی بی کو میزبانی کے دوران 869 کروڑ روپے (85 ملین ڈالر) کا نقصان ہوا، اور اس کے بعد پی سی بی نے اپنے کھلاڑیوں کی فیس کم کر دی اور 5 اسٹار ہوٹلوں میں رہائش کی سہولت بھی ختم کر دی۔ پی سی بی نے ان الزامات کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا۔پاکستان نے چیمپئینز ٹرافی کے دوران صرف ایک میچ اپنے ہوم گراؤنڈ پر راولپنڈی میں کھیلا تھا جبکہ بھارت کے خلاف دوسرا میچ دبئی میں کھیلا گیا، اور راولپنڈی میں شیڈول میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔