کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے واضح کیا ہے کہ بھارت کا سب سے بڑا عالمی مددگار اور ساتھی اسرائیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کی سلامتی مشرق وسطیٰ میں امن سے جڑی ہوئی ہے، اور فلسطینی گزشتہ ایک صدی سے اپنی آزادی کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ فلسطین میں ہزاروں افراد شہید ہو چکے ہیں، اور اس صورتحال میں امریکا کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارت بھی اسرائیل کی جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کر رہا تھا، تاہم پاکستان نے اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر عالمی برادری واقعی امن اور تجارت چاہتی ہے تو اس جنگ کو فوری روکنا ہوگا۔ انہوں نے امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب اتنے بڑے پیمانے پر قتل عام ہو رہا تھا تو امریکہ کیا کر رہا تھا؟ مزید برآں، انہوں نے کہا کہ امریکہ احتجاج کرنے والے طلباء کو ملک بدر بھی کر رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ آگے آ کر اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی عدالت نے نیتن یاہو کو مجرم قرار دیا ہے اور اسے گرفتار کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کر رہا ہے، جبکہ کشمیر میں بھی ظلم و جبر کا نظام قائم ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں مسلسل اسرائیلی قبضہ بڑھ رہا ہے جو انسانیت کے خلاف ہے۔