پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملتان کے علاقے بستی لاڑ میں کارروائی کرتے ہوئے مشہور برانڈز کے نام پر تیار کیے جانے والے جعلی مشروبات کی ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیکٹری میں غیر معیاری اور ملاوٹی مواد سے ہزاروں لٹر جعلی مشروبات تیار کیے جا رہے تھے۔چھاپے کے دوران فیکٹری سے بڑی مقدار میں جعلی مشروبات، کیمیکلز، رنگ، خوشبو، خالی بوتلیں، لیبلز اور پیکنگ مٹیریل برآمد کیا گیا۔ فیکٹری میں موجود تیار شدہ جعلی بوتلیں تلف کر دی گئیں، جبکہ موقع پر موجود مشینری اور سامان کو بھی قبضے میں لے کر فیکٹری کو سیل کر دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر فیکٹری مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے، اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشروبات خریدتے وقت تصدیق شدہ برانڈز اور محفوظ ذرائع سے اشیاء خریدیں اور کسی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔