ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر غور کرنے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
اس اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، اور اس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہو گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پہلگام فالس فلیگ کے بعد کی ملکی داخلی و خارجی صورتحال پر تفصیل سے غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے عجلت میں کیے گئے آبی اقدامات کے جواب پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کا بہانہ بنا کر پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور اٹاری چیک پوسٹ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مزید برآں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں بھارتی حکومت نے پاکستانیوں کے لیے سارک کے تحت ویزے بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کے ویزے کینسل کیے جا رہے ہیں اور انہیں 48 گھنٹوں کے اندر بھارت چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔