مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے حالیہ بیان میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنے پر نواز شریف سے متعلق سوالات اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس بلانے والے یہ بتائیں کہ نواز شریف نے اجلاس کا بائیکاٹ کیوں کیا؟ کیا ان کی غیر موجودگی دہشت گردوں کی حمایت کے مترادف ہے؟بیرسٹر سیف نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا نواز شریف کے پلیٹ لیٹس پھر سے گر گئے جس کی وجہ سے وہ اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے؟ اس کے علاوہ، انہوں نے حکومتی اقدامات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کو جیل میں قید کر کے حکومت نے قومی اتفاق رائے کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ آپریشنز کی طرح، کوئی بھی نیا آپریشن قومی اتحاد کی طاقت سے مسلح ہونے کے بعد ہی کامیاب ہو سکتا ہے، اور حکومتی شدت جذبات اور الفاظ کی تکرار دہشت گردی کے مسئلے کا حل نہیں بن سکتی۔بیرسٹر سیف نے پی ٹی آئی کی پوزیشن کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف قوم کے اتحاد کی حقیقی ترجمان ہے اور دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والے قوم کے بہادروں کے ساتھ کھڑی ہے۔